نئی دہلی:10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کرن سنگھ نے جموں ہوائی اڈے کا نام بدل کر ان کے والد مرحوم مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھنے کی درخواست کی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کو اس سلسلے میں ایک خط لکھا ہے۔ سابق ممبر پارلیمنٹ نے خط میں لکھا ہے کہ جموں کے لوگ کافی عرصے سے ہوائی اڈے کا نام بدل کر مہاراجہ ہری سنگھ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ کانگریسی لیڈر نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے وقت میں اس ہوائی اڈے کی تعمیر ہوئی تھی اور ریاست میں ہوائی جہاز کی خدمات کے لئے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔کانگریس لیڈر نے جموں کشمیر کی ترقی میں مہاراجہ ہری سنگھ کی شراکت کا ذکر کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ نام تبدیل کرنے کی مانگ کو پورا کیا جانا چاہئے۔انہوں نے لکھاکہ میرا آپ سے پرزور اپیل ہے کہ جموں ہوائی اڈے کا نام تبدیل کیا جانا چاہئے، یہ اس شخص کو صحیح معنوں میں خراج عقیدت ہوگا جس کا صرف ریاست کے ترقیاتی کاموں میں ہی اہم کردار ادا نہیں رہا بلکہ کئی سماجی بہبود کے کاموں میں بھی بھرپور کردار ادا کیا اور 26 اکتوبر 1947 کے معاہدے پر دستخط بھی کئے۔